نوجوان ووٹرز کے لیے خوشخبری، احسن اقبال نے ووٹ دینے کی عمر برقرار رکھنے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ووٹر کی عمر کی حد 18 سال سے بڑھا کر 25 سال کرنے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دعوے سراسر جھوٹ اور مخالفین کی ڈس انفارمیشن کا حصہ ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ کچھ صحافیوں اور عوام نے سوال کیا ہے کہ آیا حکومت ووٹر کی عمر 18 سال سے بڑھا کر 25 سال کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا میں صاف کہنا چاہتا ہوں کہ نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیرغور ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی قانون سازی کی جا رہی ہے۔ ہم پاکستان کے نوجوانوں پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور ان کے ووٹ دینے کا حق ان سے چھیننے کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ خبریں مخالفین کی ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا ہمارے مخالفین اب صرف جھوٹی خبریں پھیلا کر سیاسی میدان میں زندہ رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔

وہ مسائل پیدا کرتے ہیں اور اپنی سیاست کی دکان چمکانے کے لیے افواہیں پھیلاتے ہیں۔

انہوں نے مزید وضاحت دی کہ نہ تو مشترکہ اجلاس میں ایسی کوئی تجویز زیرغور ہے اور نہ ہی کسی قانونی کارروائی کے ذریعے ووٹرز کی عمر میں اضافہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں تیز بارش اور برفباری، اب تک کتنے افراد متاثر ہوئے؟ رپورٹ سامنے آ گئی

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستان کے نوجوانوں کو ملک کا سب سے بڑا سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا ہمارے نوجوان صلاحیت اور اہلیت رکھتے ہیں کہ وہ پاکستان کے مستقبل کے لیے صحیح فیصلہ کریں۔

وہ پاکستان کا اثاثہ ہیں اور ان کے ووٹ دینے کا حق محفوظ ہے۔

Scroll to Top