غلام اکبر مروت
لکی مروت: رات گئے پولیس چوکی شاہ طورہ پر تقریباً 15 دہشتگردوں نے فائرنگ کرتے ہوئے حملے کی کوشش کی، جسے پولیس کے الرٹ اور بہادر جوانوں نے بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھرمل کیمروں کے ذریعے دہشتگردوں کی مشکوک نقل و حرکت کا فوری پتہ چلنے پر پولیس جوانوں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے بھاری ہتھیاروں سے بھرپور جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دہشتگرد دم دبا کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ اس کارروائی میں کسی بھی شہری یا پولیس اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔
آر پی او بنوں ریجن سجاد خان نے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے اور دشمن کو بھرپور جواب دے کر فرار ہونے پر مجبور کرنے پر پولیس کے بہادر، فرض شناس اور شیر دل جوانوں کو شاباش دی۔
انہوں نے کہا کہ لکی مروت پولیس ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت نزیر خان نے پولیس جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور بروقت ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا پولیس کی مستعدی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : محمود خان اچکزئی کا 8 فروری کے ملک گیر احتجاج کے حوالے سے بڑا اعلان
انہوں نے مزید کہا کہ لکی مروت پولیس امن دشمن عناصر کے خلاف پوری قوت سے برسرِپیکار ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔
یہ کامیاب کارروائی علاقے میں دہشتگردوں کے حوصلے پست کرنے اور عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوئی۔
پولیس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ کسی بھی قسم کے خطرے یا دہشتگردانہ حملے کے خلاف ہمیشہ تیار ہے اور عوام کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔





