انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرا دیا

اسلام آباد: آئی سی سی انڈر 19 مینز ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو آسانی سے 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے جیت کے لیے 111 رنز کا ہدف دیا جسے پاکستانی ٹیم نے صرف 17.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستانی بیٹنگ لائن میں سمیر منہاس نے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کپتان فرحان یوسف بھی 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میسن کلارک اور لیوک ہیریسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا انتخاب کیا اور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو محض 110 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ ہوگو بوگ 39 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کے ٹاپ اسکورر رہے۔ پاکستان کی طرف سے عبدالسبحان نے 4 اور علی رضا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد صائم اور مومن قمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ سپر سکس کے اگلے مرحلے میں پاکستان کا مقابلہ یکم فروری کو بھارت سے ہوگا،اور سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے یہ میچ بھی واضح برتری کے ساتھ جیتنا ضروری ہے۔

Scroll to Top