آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے کون ملاقات کریگا؟ جیل حکام کے حوالے ہونیوالی فہرست میں نام سامنے آ گئے

آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے کون ملاقات کریگا؟ جیل حکام کے حوالے ہونیوالی فہرست میں نام سامنے آ گئے

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے آج دوپہر 2 بجے اڈیالہ جیل میں ملاقات متوقع ہے۔ پی ٹی آئی نے ملاقات کے لیے 6 رکنی فہرست جیل حکام کو جمع کرا دی ہے، جس کے بعد ملاقات کے انتظامات حتمی شکل اختیار کر گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران صرف فہرست میں شامل افراد ہی عمران خان سے ملاقات کر سکیں گے، اور ملاقات کے آغاز سے قبل تمام سکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

ملاقات کے پیش نظر اڈیالہ جیل اور اس کے گردونواح میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جیل کے داخلی راستوں پر پولیس نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ فیکٹری ناکے، دہگل اور گورکھپور میں بھی پکٹس قائم کیے گئے ہیں۔ ایس پی اور اے ایس پی صدر مجموعی سکیورٹی کی نگرانی کر رہے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق جیل کے اطراف اور مختلف پکٹس پر 642 اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ ہر پکٹ پر 50 سے 60 اہلکار موجود ہیں جبکہ لیڈی پولیس بھی تعینات ہے۔ ایس پی راول ساعد ارشد کی سربراہی میں مزید ٹیمیں بھی سکیورٹی کی نگرانی کر رہی ہیں۔

راولپنڈی کی اہم شاہراہوں پر بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، جن میں کمیٹی چوک، لیاقت باغ، ایم ون اور ایم ٹو ٹول پلازہ، جی پی او چوک، فلیش مین ہوٹل، چونگی نمبر 22، خواجہ کارپوریشن، گلشن آباد چوک، ٹھالیان اور چکری انٹرچینج شامل ہیں۔ ہر خصوصی پکٹ پر 10 سے 15 اہلکار تعینات ہیں تاکہ ممکنہ ریلی اور عوامی ہجوم پر نظر رکھی جا سکے اور امن و امان قائم رہے۔

پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں پارٹی کے اہم رہنما شامل ہوں گے، تاہم اس ملاقات کے بارے میں مزید تفصیلات جیل حکام کی ہدایت کے مطابق جاری نہیں کی جا رہی ہیں۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب عمران خان کی صحت اور سکیورٹی کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں، اور آج کی ملاقات کے بعد ہی پارٹی اور عوام کے لیے صورتحال واضح ہو سکے گی۔

Scroll to Top