پی ٹی آئی کے سپریم کورٹ اور اڈیالہ دھرنے کی ناکامی، شیخ وقاص اکرم کی لیک آڈیو نے اندرونی کہانی بے نقاب کر دی

شیراز احمد شیرازی
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ اور اڈیالہ جیل کے باہر دیا جانے والا دھرنا ناکام ہو گیا۔

دھرنے میں پارٹی کے ارکانِ پارلیمنٹ کی عدم شرکت نے قیادت کے دعوؤں پر سوالات کھڑے کر دیے۔

دھرنے میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی بڑی تعداد شریک نہ ہو سکی جس پر پارٹی کے اندر اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔

اس صورتحال پر پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی مبینہ آڈیو لیک ہو گئی ہے جس میں وہ دھرنے کی ناکامی کا ذمہ دار وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو قرار دیتے سنائی دیتے ہیں۔

لیک آڈیو میں شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ اگر دھرنا دینا تھا تو پہلے سے اطلاع دی جاتی۔ ان کے مطابق رات 8 بجے اچانک فیصلہ کیا گیا کہ دھرنا دیا جائے، جبکہ اس وقت بیشتر ایم این ایز اسلام آباد سے بہت دور تھے۔

شیخ وقاص اکرم نے آڈیو میں کہاکہ ایم این ایز کے پاس ہیلی کاپٹر تو نہیں ہوتا کہ فوراً پہنچ جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر دھرنے کا فیصلہ تھا تو کم از کم وزیر اعلیٰ اپنے 90 ایم پی ایز کو ساتھ لے آتے۔

آڈیو میں شیخ وقاص اکرم کے سخت جملے بھی سامنے آئے، جن میں ان کا کہنا تھاکہ آپ کے 90 ایم پی ایز کہاں تھے؟ یہ کوئی مذاق تو نہیں ہے۔

Scroll to Top