نوشکی! سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کی پناہ گاہوں پر بڑا حملہ، دھماکوں سے شہر لرز اٹھا، متعدد دہشتگرد ہلاک

نوشکی! سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کی پناہ گاہوں پر بڑا حملہ، دھماکوں سے شہر لرز اٹھا، متعدد دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بڑا اور کامیاب آپریشن کرتے ہوئے ان کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 13 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر نوشکی اور اس کے گردونواح میں کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی متعدد پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ نوشکی شہر میں بھی وقفے وقفے سے دھماکوں کی آوازیں گونجتی رہیں، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

سکیورٹی حکام کے مطابق علاقے میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن بدستور جاری ہے، جبکہ مختلف مقامات پر آپریشن بھی کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن تیز کر دیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی آئی ہے، جن کا مقصد دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ اور صوبے میں پائیدار امن کا قیام ہے۔

Scroll to Top