قومی کرکٹ ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے آفیشل کٹ کی رونمائی کر دی گئی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی آفیشل کٹ کی باضابطہ رونمائی کر دی ہے۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے خصوصی شرکت کی اور قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ انہیں پوری امید ہے کہ پاکستانی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی جیت کر وطن واپس آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم اس وقت اچھی فارم میں ہے اور کھلاڑیوں میں جیت کا جذبہ نمایاں ہے، جو ورلڈ کپ میں بہتر نتائج کی نوید دیتا ہے۔

آفیشل کٹ کی رونمائی کی تقریب میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا، سابق کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ قومی اسکواڈ کے دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں نسیم شاہ، ابرار احمد اور فہیم اشرف نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

پی سی بی کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس آفیشل کٹ کو مارخور ایڈیشن کا نام دیا گیا ہے۔ کٹ کے ڈیزائن میں پاکستان کے قومی جانور مارخور کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا ہے، جو قوت، عزم اور حوصلے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

کٹ کا مجموعی رنگ روایتی ہلکا سبز رکھا گیا ہے، جو قومی تشخص، یکجہتی اور جذبہ حب الوطنی کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انڈر 19 ورلڈ کپ، قومی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کر سکی

پی سی بی حکام کے مطابق مارخور ایڈیشن نہ صرف قومی ٹیم کے جذبے کی نمائندگی کرتا ہے بلکہ پاکستان کے ثقافتی ورثے اور قدرتی شناخت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

کٹ کو جدید ڈیزائن اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑی ورلڈ کپ میں قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

Scroll to Top