وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے، وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات متوقع
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کی آمد پر وزیراعظم ہاؤس میں اہم سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم امور پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔
ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا کی مجموعی سیاسی، انتظامی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور وفاق و صوبے کے درمیان باہمی تعاون سے متعلق امور بھی ملاقات کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
اسی طرح قبائلی اضلاع کی صورتحال، عوامی حقوق، سکیورٹی اقدامات اور جاری آپریشنز سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہونے کا امکان ہے۔ ملاقات کو موجودہ سیاسی اور سکیورٹی حالات کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی یہ ملاقات صوبے اور وفاق کے درمیان تعلقات اور مستقبل کی پالیسی سازی پر اثر انداز ہو سکتی ہے، جبکہ عوامی سطح پر بھی اس ملاقات کے نتائج پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔





