رمضان المبارک قریب آتے ہی مہنگائی نے سر اٹھا لیا

ملک میں رمضان المبارک سے قبل ہی مہنگائی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ گزشتہ ماہ جنوری میں مہنگائی کی شرح میں 0.39 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی 5.80 فیصد تک پہنچ گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنوری 2026 کے دوران ماہانہ بنیاد پر کئی اہم اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ زندہ برائلر مرغی کی قیمتوں میں 16 فیصد، گندم میں 10 فیصد، ٹماٹر میں 7 فیصد جبکہ آٹے کی قیمت میں 4.8 فیصد اضافہ ہوا۔

اسی طرح پھلوں کی قیمتیں 2.28 فیصد اور مصالحہ جات کی قیمتیں 2 فیصد بڑھ گئیں۔ اس کے علاوہ مچھلی، بیکری مصنوعات، دال مونگ، خشک میوہ جات، خشک دودھ اور گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے۔

Scroll to Top