میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کے قوانین میں اہم تبدیلیاں کر دی ہیں جن میں سب سے نمایاں دن کے اختتامی اوور کے حوالے سے قانون میں اصلاح شامل ہے۔
نئے ‘لاز آف کرکٹ’ کے مطابق اب اگر دن کے آخری اوور میں وکٹ گر جائے تو دن فوراً ختم نہیں ہوگا بلکہ نیا بیٹر وکٹ پر آ کر اسٹرائیک سنبھالے گا۔
ایم سی سی کے مطابق یہ تبدیلی بیٹنگ اور بولنگ ٹیم کے درمیان توازن برقرار رکھنے اور میچ میں سنسنی پیدا رکھنے کے لیے کی گئی ہے۔
ایم سی سی کی ذیلی کمیٹی برائے قوانین کا کہنا ہے کہ پرانے قانون کے تحت اگر آخری اوور میں وکٹ گری تو بیٹنگ سائیڈ اگلے دن تک اپنا نیا بیٹر وکٹ پر نہیں بھیج پاتی تھی، جسے غیر منصفانہ سمجھا جاتا تھا۔
اس کے علاوہ ایسے حالات میں اوور کو روک کر اگلے دن کرانے سے میچ کی دلچسپی بھی کم ہو جاتی تھی۔ نئے قانون کے بعد اب پورا اوور مکمل کرانا لازمی ہوگا۔
ایم سی سی نے اس کے علاوہ ہٹ وکٹ، اوور تھرو اور دیگر قوانین میں بھی کل 73 اصلاحات کی ہیں۔ یہ تمام تبدیلیاں یکم اکتوبر 2026 سے نافذ العمل ہوں گی۔





