وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف انتخابی ضابطۂ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت آج الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ہوگی۔ سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ کرے گا۔
الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت کے لیے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے وکیل کو طلب کر رکھا ہے اور ہدایت کی ہے کہ وہ کیس کے میرٹ پر اپنے دلائل پیش کریں۔ ذرائع کے مطابق کمیشن کی جانب سے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے این اے 96 ہری پور میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے دوران انتخابی ضابطۂ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف نوٹس لیا تھا۔ شکایت میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی، جس پر الیکشن کمیشن نے کارروائی کا آغاز کیا۔
آج کی سماعت میں فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن آئندہ لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گا، جبکہ کیس کا فیصلہ محفوظ کیے جانے یا مزید سماعت مقرر کیے جانے کا بھی امکان ہے۔





