دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی ،فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج کوئٹہ کا دورہ کیاجہاں انہیں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور سلامتی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بریفنگ میںفیلڈ مارشل سید عاصم منیرکو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کی جانب سے حالیہ دہشت گرد حملوں اور سیکیورٹی فورسز کے فوری اور مؤثر ردعمل سے آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائیوں کے باعث بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی دشمن کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔

اس موقع پر ریاستی رٹ کو مزید مضبوط بنانے، عوام اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی تشدد یا دہشت گردی کا جواز پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر امن و امان برقرار رکھا ہے۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے زخمی جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور وطن کے دفاع میں ان کی بہادری اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس سے قبل کوئٹہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔

Scroll to Top