آئی سی سی نے مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کمنٹری پینل اور براڈکاسٹ پلان کا اعلان کر دیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے شاندار کمنٹری پینل اور جدید براڈکاسٹ انتظامات کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی ٹی وی ایونٹ کے تمام میچز کی لائیو کوریج، پری میچ شوز، اننگز وقفہ پروگرام اور پوسٹ میچ تجزیہ پیش کرے گا۔
ٹورنامنٹ کی کوریج کے لیے 6 پروڈکشن یونٹس اور 45 کیمروں کا استعمال کیا جائے گا جبکہ تقریباً 720 براڈکاسٹ پروفیشنلز اس عالمی ایونٹ کی کوریج میں حصہ لیں گے، کوریج ٹیم میں 20 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین شامل ہوں گے۔
کمنٹری پینل کی قیادت روی شاستری، ناصر حسین، ایان اسمتھ اور ایان بشپ کریں گے، سابق ورلڈ کپ فاتح کھلاڑیوں میں ایرون فنچ، دنیش کارتھک، کمار سنگاکارا اور کارلوس بریتھویٹ شامل ہیں۔
پاکستان اور دنیا کے دیگر نامور سابق کرکٹرز وسیم اکرم، سنیل گاوسکر، میتھیو ہیڈن، رمیز راجہ، ڈیل اسٹین، وقار یونس، مائیکل ایتھرٹن اور شان پولاک بھی کمنٹری پینل کا حصہ ہوں گے۔
بھارت اور سری لنکا میں ہارش بھوگلے سمیت دیگر معروف براڈکاسٹرز کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے جبکہ اینجلو میتھیوز اور ٹیمبا باووما آئی سی سی ٹی وی پر بطور کمنٹیٹر اپنا ڈیبیو کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ جاری،پاکستانی کھلاڑی نے ایک دفعہ پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی
آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2026 کے لیے دو نئی براڈکاسٹ ٹیکنالوجیز بھی متعارف کرائی ہیں، پچ ویو کے ذریعے پچ کی خصوصیات اور میچ پر اس کے اثرات کو جدید انداز میں پیش کیا جائے گا جبکہ اسکل ویو کھلاڑیوں کی مہارت اور حکمتِ عملی کو ورچوئل گرافکس کے ذریعے واضح کرے گا۔
اس کے علاوہ ہاک آئی ٹیکنالوجی کے تحت ڈی آر ایس، بال ٹریکنگ اور ایج ڈیٹیکشن دستیاب ہوگی جبکہ کرک وز ڈیٹا اینالیٹکس اور جدید آن ایئر گرافکس ناظرین کے تجربے کو مزید بہتر بنائیں گے۔
نان لائیو مواد میں کھلاڑیوں کے پروفائلز، میچ پری ویوز اور بیک اسٹیج مناظر بھی شامل ہوں گے۔





