صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں اتوار سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اضلاع جن میں ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، اپر و لوئر کوہستان اور کولائی پالس شامل ہیں، وہاں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برف پڑنے کا امکان ہے۔
صوبے کے میدانی اضلاع پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بدلتے موسمی حالات کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث ناران، کاغان، کالام اور چترال جیسے بالائی علاقوں میں سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا خدشہ ہے، جبکہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو آندھی، گرج چمک اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کسانوں اور مویشی پال حضرات کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے اور حساس علاقوں میں ندی نالوں و برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی بھی ہدایت کی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔





