امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے امریکا میں گرفتار خطرناک مجرموں کی تازہ فہرست جاری کر دی ہے جس میں 89 بھارتی شہریوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
محکمے کے مطابق اس عوامی ڈیٹا بیس میں تقریباً 25 ہزار ایسے غیر قانونی شہریوں کی تفصیلات موجود ہیں جو سنگین جرائم میں ملوث پائے گئے۔
ان جرائم میں قتل، جنسی جرائم، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات شامل ہیں، یہ تمام افراد امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ اور امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کی کارروائیوں کے دوران گرفتار کیے گئے اور انہیں سزائیں دی گئیں۔
محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اس عوامی ڈیٹا بیس میں مجرموں کے نام، تصاویر، ان پر عائد الزامات اور ان کی قومیت سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
محکمے کا کہنا ہے کہ یہ ڈیٹا بیس 25 ہزار مجرموں کی معلومات پر مشتمل ہے اور یہ محض ایک جھلک ہے ان جرائم پیشہ غیر قانونی افراد کی جو امریکی کمیونٹیز میں خوف و ہراس پھیلانے کا سبب بنے۔
محکمے نے واضح کیا کہ امریکی عوام کو ایسے افراد کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جانا چاہیے جو قانونی طور پر امریکا میں رہنے کے اہل بھی نہیں ہیں۔





