امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک متنازع ویڈیو پر معافی مانگنے سے انکار کر دیا۔
ویڈیو میں موجود نسل پرستانہ مناظر کی مذمت ضرور کی ہے، ویڈیو میں سابق صدر باراک اوبامہ اور سابق خاتونِ اول مشیل اوبامہ کو بندروں کی شکل میں دکھایا گیا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ ویڈیو جمعرات کی رات صدر ٹرمپ کے ٹروتھ سوشل اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی، جس پر امریکی سیاسی حلقوں، خصوصاً ڈیموکریٹس کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔
ابتدا میں وائٹ ہاؤس نے تنقید کو ’جعلی غصہ‘ قرار دے کر مسترد کیا تاہم بعد ازاں اس پوسٹ کی ذمہ داری وائٹ ہاؤس کے ایک عملے کے رکن پر ڈال دی گئی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس پوسٹ پر معافی نہیں مانگیں گے کیونکہ ان کے بقول انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی تاہم نسل پرستانہ مواد سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ اس کی مذمت کرتے ہیں۔
ڈیموکریٹ رہنماؤں نے اس ویڈیو کو قابلِ نفرت اور توہین آمیز قرار دیا، جبکہ ایک سینیئر ریپبلکن سینیٹر نے بھی اسے کھلے عام نسل پرستانہ کہا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی دھمکی نظر انداز ، فرانس اور کینیڈا نے گرین لینڈ میں قونصل خانے کھول دیے
تقریباً ایک منٹ طویل ویڈیو کے اختتام پر اوبامہ جوڑے کو مختصر طور پر بندروں کے جسموں پر دکھایا گیا تھا جبکہ ویڈیو میں 2020 کے صدارتی انتخابات سے متعلق سازشی نظریات کو بھی فروغ دیا گیا۔





