پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی نے افغانستان کے بلے باز رحمان اللّٰہ گرباز کی لیگ میں ڈائریکٹ سائننگ پر وضاحت جاری کر دی ہے اور آئندہ نئی سائننگ کے اعلان کا اشارہ بھی دیا ہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ رحمان اللّٰہ گرباز کی حالیہ ڈائریکٹ سائننگ اس وقت کی گئی جب انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) دونوں کی جانب سے مکمل عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) موصول ہو چکا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ گرباز اس وقت فراہم کردہ آفیشل لسٹ میں دستیاب بہترین آپشنز میں شامل تھے اور ان کی سائننگ مکمل طور پر مقررہ طریقہ کار کے مطابق کی گئی۔ فرنچائز نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ خالصتاً پیشہ ورانہ اور کرکٹ بنیادوں پر کیا گیا، جو پی ایس ایل کے قواعد، پی سی بی کی ہدایات اور لیگ کے طے شدہ فریم ورک کے مطابق ہے۔ اس فیصلے میں میرٹ، ٹیم کی ضروریات اور طے شدہ ضابطہ کار کے علاوہ کسی بھی عنصر کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔
پشاور زلمی نے یہ بھی کہا کہ فرنچائز پی سی بی کی پالیسیوں اور فیصلوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں کام کرتی رہے گی۔ بیان میں شائقین کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ “آپ کا جذبہ، صبر اور غیر مشروط حمایت ہمیں مزید آگے بڑھنے، نئی مثالیں قائم کرنے اور اس فرنچائز کی اقدار کو برقرار رکھنے کی تحریک دیتی ہے۔
فرنچائز نے مزید کہا کہ اپنی آئندہ ڈائریکٹ سائننگ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا، جس سے شائقین کو ٹیم کی آئندہ منصوبہ بندی کے بارے میں جلد معلومات فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ رحمان اللّٰہ گرباز نے آج پی ایس ایل سے دستبرداری کا اعلان کیا اور کہا کہ انہیں ورلڈ کپ کے بعد افغانستان میں اپنے ذاتی اور کرکٹ امور پر توجہ دینی ہے، اسی وجہ سے وہ اس سیزن میں لیگ سے دستبردار ہو رہے ہیں۔





