انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اہم مقابلہ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں افغانستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد افغان بلے باز محتاط مگر پُراعتماد انداز میں اننگز کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ شائقین کی نظریں اس بات پر جمی ہوئی ہیں کہ افغانستان نیوزی لینڈ جیسے مضبوط حریف کے خلاف کتنا بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوتا ہے۔
افغانستان کی ٹیم اس ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کے باعث پہلے ہی کرکٹ ماہرین اور مداحوں کی توجہ حاصل کر چکی ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی اپنی منظم بولنگ اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی بدولت ایک مضبوط چیلنج سمجھی جا رہی ہے۔ ایسے میں یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج مزید دو میچز بھی کھیلے جائیں گے، جن میں انگلینڈ کا مقابلہ نیپال سے جبکہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم اٹلی کے مدِمقابل ہوگی۔ کرکٹ شائقین کے لیے آج کا دن دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں سے بھرپور ہے۔





