پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی آئی سی سی کی درخواست کے بعد وزیراعظم شہباز شریف سے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کے معاملے پر ہدایات لیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کے بارے میں جواب دیا جا چکا ہے تاہم حتمی فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی آئندہ ایک یا دو روز میں وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور آئی سی سی کی درخواست کے حوالے سے رہنمائی حاصل کریں گے۔
آئی سی سی کی کوشش ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ اپنا میچ کھیلنے پر رضامند ہو جائے جبکہ بائیکاٹ ختم کرنے کے لیے زور دیا جا رہا ہے۔
یہ مذاکرات پاکستان کے موقف کو واضح کرنے کے لیے بھی اہم ہیں، پاکستان کی طرف سے بورڈ کے ممبران عمران خواجہ نے بھی آئی سی سی کے سامنے موقف پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس دوران بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام اور اماراتی کرکٹ بورڈ کے حکام بھی مذاکرات میں موجود رہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت سے میچ کا بائیکاٹ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک فیصلے نے آئی سی سی کی دوڑیں لگا دیں
ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف 15 فروری کو ہونے والے میچ کے نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست آئی سی سی کی جانب سے سامنے آئی تھی جبکہ اماراتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو بہترین مفاد میں فیصلہ کرنے کی سفارش کی ہے۔





