ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:پاک بھارت میچ کے حوالے سے حکومت کا بڑا فیصلہ آگیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:پاک بھارت میچ کے حوالے سے حکومت کا بڑا فیصلہ آگیا

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں15 فروری 2026 کو شیڈول کے مطابق بھارت کےخلاف میدان میں اترے گی۔

یہ فیصلہ دوست ممالک کی درخواستوں اور کثیر الجہتی مشاورت کے بعد کیا گیا ہےجس کا مقصد کرکٹ کے جذبے اور عالمی کھیل کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ بورڈ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم کو بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو موصول ہونے والی باضابطہ درخواستوں اور سری لنکا، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر رکن ممالک کی جانب سے بھیجے گئے مراسلات سے بھی آگاہ کیا گیا، جن میں پاکستان سے اس معاملے کے حل میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

حکومت نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کے بیان کا بھی نوٹس لیا، جس میں انہوں نے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ حکومت پاکستان نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

اسی دوران وزیراعظم شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے مشکل اوقات میں پاکستان اور سری لنکا کے باہمی تعاون کو یاد کیا۔ سری لنکن صدر نے موجودہ تعطل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر سنجیدگی سے غور کی درخواست کی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کرکٹ کے اعلیٰ اقدار کے تحفظ اور عالمی کھیل کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

Scroll to Top