بنوں پولیس کی بہادری کا اعتراف، اعلیٰ افسران نے جوانوں کو انعامات دیے

بنوں: ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان اور ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے سخت حالات میں دہشتگردوں کے حملے پسپا کرنے اور جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس جوانوں اور افسران میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او آفس بنوں میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایس پیز، ایس ڈی پی اوز سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران ان پولیس اہلکاران اور جوانوں کی خدمات کو سراہا گیا جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود بہترین ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے دہشتگردوں کے حملوں کو ناکام بنایا اور انہیں منہ توڑ جواب دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے کہا کہ پولیس کے جوان نہایت کٹھن حالات میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے ذریعے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی جرات، قربانیاں اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابلِ فخر ہیں۔

ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس فورس کے ہر جوان کی محنت، عزم اور قربانی قابلِ تحسین ہے۔

بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکار پولیس فورس کا سرمایہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ ہر سطح پر جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : اردو ادب اور ڈرامے کی ملکہ فاطمہ ثریا بجیا کی برسی، 10 سال گزر گئے

تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی اور ڈی پی او نے بہترین ڈیوٹی سرانجام دینے والے جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ محنت، قربانی اور غیر معمولی کارکردگی کو مستقبل میں بھی اسی طرح سراہا جاتا رہے گا۔

ترجمان ریجنل پولیس آفیسر بنوں کے مطابق پولیس فورس دہشتگردی کے خلاف اپنے مشن میں پرعزم ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

Scroll to Top