رواں سال کا سورج گرہن کب ہوگا؟ تاریخ سامنے آگئی

اسلام آباد: رواں سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری 2026 کو واقع ہوگا، تاہم پاکستان سمیت ایشیا کے بیشتر ممالک میں یہ نظارہ ممکن نہیں ہوگا۔

فلکیاتی ماہرین کے مطابق اس دوران چاند سورج کے عین سامنے آئے گا، لیکن چونکہ چاند اس وقت زمین سے نسبتاً دور ہوگا، اس لیے سورج مکمل طور پر نہیں چھپے گا۔ اس کے بجائے سورج کے گرد ایک روشن حلقہ یا رِنگ آف فائر جیسا منظر دیکھنے کو ملے گا۔

ماہرین کے مطابق گرہن کا زیادہ سے زیادہ مرحلہ عالمی وقت کے مطابق تقریباً 12 بج کر 12 منٹ پر ہوگا، جبکہ یہ مکمل عمل تقریباً 09:56 سے 14:27 یو ٹی سی تک جاری رہے گا۔

فلکیاتی اداروں نے بتایا کہ مکمل رِنگ آف فائر کا نظارہ صرف انٹارکٹیکا کے دور دراز علاقوں میں ممکن ہوگا، جبکہ جنوبی افریقہ، جنوبی امریکا اور سمندری علاقوں کے بعض حصوں میں جزوی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔

سائنس ویب سائٹس کے مطابق اس گرہن کے دوران چاند سورج کے تقریباً 96 فیصد حصے کو ڈھانپے گا اور یہ منظر زیادہ سے زیادہ تقریباً دو منٹ تک دیکھنے کے قابل ہوگا۔

ماہرین نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ سورج گرہن کو براہ راست نہ دیکھیں کیونکہ یہ آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نیپرا کے نیٹ بلنگ کے فیصلے پر بیرسٹر علی ظفر کا سخت ردعمل

اس کے لیے خصوصی حفاظتی چشموں کا استعمال لازمی ہے۔ تاہم دنیا بھر کے لوگ اس گرہن کا نظارہ آن لائن لائیو سٹریم کے ذریعے بھی کرسکیں گے۔

یہ گرہن فلکیاتی شائقین کے لیے ایک نایاب موقع ہے، لیکن پاکستان اور دیگر ایشیائی ممالک میں لوگوں کو رِنگ آف فائر کا مشاہدہ براہِ راست ممکن نہیں ہوگا۔

Scroll to Top