احتجاج کے لیے کنٹینر تیار، کون سے شہر کی جانب مڑ سکتا ہے؟ شفیع جان نے بتا دیا

چارسدہ: خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے نئے احتجاج کی تیاری مکمل کر لی ہے اور اس مقصد کے لیے کنٹینر تیار رکھا گیا ہے، جس کا رخ کسی بھی وقت ملک کے کسی بھی شہر کی جانب کیا جا سکتا ہے۔

چارسدہ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی حالیہ ملاقات پر بھی روشنی ڈالی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات وزیر اعظم کی خواہش پر ہوئی اور اس دوران کسی قسم کی سیاسی گفتگو نہیں کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے وزیر اعظم کو صوبے میں دہشت گردی کی صورتحال اور زمینی حقائق سے آگاہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے وفاق کے ذمے صوبے کے بقایاجات کی ادائیگی کا مطالبہ بھی دہرایا اور واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کو اپنے مالی حقوق کی بروقت فراہمی ناگزیر ہے۔

شفیع جان کے مطابق گزشتہ روز کور کمانڈر اور وفاقی وزیر داخلہ کی موجودگی میں ہونے والی نشست میں بھی وزیر اعلیٰ نے دہشت گردی کے مسئلے کو بھرپور انداز میں اٹھایا اور صوبے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر بات کی۔

معاون خصوصی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت ان کی صحت سے متعلق فکرمند ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کابینہ نے رمضان پیکج کی منظوری دیدی

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حالات میں بہتری نہ آئی تو احتجاجی حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا اور تیار کنٹینر کسی بھی وقت کسی بھی شہر کی طرف روانہ ہو سکتا ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور وفاقی حکومت کو بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

Scroll to Top