رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے 18 فروری کو پشاور میں اجلاس طلب

پشاور: رمضان المبارک کے آغاز کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 18 فروری کو پشاور میں منعقد ہوگا۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، اور اس دن فیصلہ کیا جائے گا کہ رمضان کا چاند نظر آیا یا نہیں۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے، جو مختلف علاقوں میں چاند دیکھنے کی اطلاعات جمع کریں گی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں علماء اور ماہر فلکیات کے مشاہدات کی بنیاد پر رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کیا جائے گا۔

وزارت مذہبی امور نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ چاند دیکھنے کے حوالے سے کسی غیر مستند خبر یا سوشل میڈیا پر پھیلی افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری اعلان کا انتظار کریں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کابینہ نے رمضان پیکج کی منظوری دیدی

جبکہ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مشیرِ خزانہ مزمل اسلم نےکہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر رواں سال صوبے کے 10 لاکھ 63 ہزار کم آمدنی والے افراد کو رمضان پیکج دیا جائے گا۔

صوبائی کابینہ کے 47 ویں اجلاس میں رمضان پیکج کی منظوری کی تفصیلات بتاتے ہوئے مزمل اسلم نے بتایاکہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے اس سال فی خاندان اوسطاً 12500 روپے فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے 2024 کے رمضان میں پہلی بار 10 ہزار روپے فی خاندان پیکج دینے کی روایت قائم کی تھی، جس کی پیروی کرتے ہوئے 2025 میں پنجاب اور دیگر صوبوں نے بھی امدادی رقوم فراہم کیں۔

مشیرِ خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیشِ نظر وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے رمضان پیکج کی رقم میں 25 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔

Scroll to Top