ابھیشیک شرما کے پاکستان کے خلاف کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ سامنے آ گیا

کولمبو : آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں گروپ اے کے سب سے ہائی وولٹیج میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے، مگر بھارتی ٹیم کو اہم دھچکا لگا ہے۔

اوپنر ابھیشیک شرما معدے کے انفیکشن کے باعث مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے، جس کے نتیجے میں ان کی پاکستان کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 6 فروری کو ممبئی میں نیٹ سیشن کے بعد کچھ کھانے کی وجہ سے شرما کی طبیعت خراب ہو گئی۔

امریکہ کے خلاف میچ میں بھی ان کی حالت تسلی بخش نہ رہی، تاہم انہوں نے ٹیم کے لیے کھیلنے کا فیصلہ کیا، مگر پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے اور کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

بعد ازاں وہ ٹیم کے ہمراہ نمیبیا کے خلاف میچ کے لیے نئی دہلی پہنچے، جہاں معدے کے انفیکشن نے شدت اختیار کی اور انہیں اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔

جمعرات کو وہ اسپتال سے ڈسچارج تو ہو گئے، لیکن احتیاطی تدابیر کے تحت انہیں نمیبیا کے خلاف میچ میں شامل نہیں کیا گیا۔

نمیبیا کے خلاف میچ کے ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان سوریا کماریادیو نے تصدیق کی کہ ابھیشیک شرما مکمل فٹ نہیں ہیں اور ممکن ہے کہ وہ ایک یا دو میچز مزید نہ کھیل سکیں۔ اس بیان کے بعد پاکستان کے خلاف ان کی شرکت کے امکانات کافی کمزور نظر آ رہے ہیں۔

یہ صورتحال بھارتی ٹیم کے لیے تشویش کا باعث بن سکتی ہے، کیونکہ ابھیشیک شرما ٹیم کے اہم اوپنر اور جارحانہ بیٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاک بھارت ٹاکرا: دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملنے کا امکان، بڑی وجہ سامنے آ گئی

پاکستان اور بھارت کے اس ہائی وولٹیج مقابلے میں ان کے نہ کھیلنے کا اثر ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ اور حکمت عملی پر پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ 15 فروری کو کولمبو میں کھیلا جائے گا، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے گروپ اے کا سب سے بڑا ٹاکرا تصور کیا جا رہا ہے۔

شائقین کی نظریں اس میچ پر مرکوز ہیں اور ابھیشیک شرما کی شرکت یا غیر موجودگی میچ کے نتیجے پر بڑا اثر ڈال سکتی ہے۔

Scroll to Top