پشاور، نیشنل ایکشن پلان آن بزنس اینڈ ہیومن رائٹس پر عملدرآمد کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی قائم

محمد اعجاز آفریدی
پشاور: حکومت خیبر پختونخوا نے نیشنل ایکشن پلان آن بزنس اینڈ ہیومن رائٹس پر مؤثر عملدرآمد کے لیے صوبائی سطح پر اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی ہے۔

اس سلسلے میں محکمہ قانون، پارلیمانی امور و انسانی حقوق نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹری لا کو اسٹیئرنگ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈی جی ہیومن رائٹس خیبرپختونخوا ممبر سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے۔

کمیٹی میں محکمہ داخلہ، لیبر، قانون، صنعت و تجارت اور لوکل گورنمنٹ کے نمائندگان بھی شامل ہوں گے تاکہ مختلف اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی اپنائی جا سکے۔

حکام کے مطابق خیبر پختونخوا اکنامک زونز اتھارٹی اور پشاور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں کو بھی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ کاروباری برادری اور سرکاری اداروں کے درمیان مشاورت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اسٹیئرنگ کمیٹی صوبائی سطح پر نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ، پالیسی سازی، قانونی و انتظامی اقدامات اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔

کمیٹی بزنس اور انسانی حقوق سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر میکنزم تجویز کرے گی جبکہ بین الاقوامی ذمہ داریوں اور جی ایس پی پلس تقاضوں سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ضلعی سطح پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ محکموں کو رہنمائی فراہم کی جائے گی اور یہ احکامات سیکرٹری لا کے دستخط سے فوری طور پر نافذ العمل ہو گئے ہیں۔

Scroll to Top