سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو، پاکستان میں دکھائی دے گا یا نہیں؟ اہم خبر آگئی

سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو، پاکستان میں دکھائی دے گا یا نہیں؟ اہم خبر آگئی

ماہرین فلکیات نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو ہوگا، تاہم یہ پاکستان سمیت ایشیا کے بیشتر ممالک میں نظر نہیں آئے گا۔ سپیس ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق یہ گرہن انٹارکٹکا کے دورافتادہ حصوں میں دیکھا جائے گا، جہاں سورج آگ کے ایک گولے کی مانند نظر آئے گا۔

گرہن کے دوران چاند اپنے بیضوی مدار میں سورج کے عین سامنے ہوگا، لیکن چاند سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ نہیں پائے گا، جس کی وجہ سے سورج کی کرنیں سرخی مائل دکھائی دیں گی اور سورج پر چاند کا سایہ پھیلتا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق اس منظر کے اگلے مرحلے میں ’’رنگ آف فائر‘‘کا حسین منظر ابھرتا ہے، اور سورج کا بیرونی کنارہ سنہری حلقے کی مانند نظر آئے گا۔ یہ نظارہ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہے گا، جس کے بعد دھیرے دھیرے ختم ہوگا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سورج گرہن کو براہِ راست دیکھنا آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے، اس لیے دیکھنے کے لیے خصوصی سولر فلٹر یا چشمے استعمال کرنا ضروری ہے۔

مزید برآں، اس گرہن کے تقریباً دو ہفتے بعد، 3 مارچ کو بھی آسمان پر ایک سرخ مائل چاند یعنی ’’بلڈ مون‘‘دکھائی دے گا، جو شمالی امریکہ، مشرقی ایشیا اور آسٹریلیا میں دیکھا جائے گا۔ یہ سال کا پہلا بلڈ مون بھی ہوگا۔

Scroll to Top