بانی نے بیٹوں سے کہا کہ ان کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی ہے، نعیم حیدر پنجوتھہ کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم حیدر پنجوتھہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی بانی کی صحت تیزی سے خراب ہو رہی ہے اور انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نعیم حیدر پنجوتھہ نے انکشاف کیا کہ بانی نے اپنے بیٹوں سے فون پر ہونے والی گفتگو کے دوران بتایا کہ ان کی ایک آنکھ ضائع ہو چکی ہے، سپریم کورٹ کے حکم کے بعد بانی کی اپنے بچوں سے تقریباً 20 منٹ تک بات کرائی گئی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بانی کا علاج ان کے ذاتی معالجین کی زیر نگرانی کرایا جانا چاہیے کیونکہ موجودہ طبی انتظامات میں کوئی خاطر خواہ پیش رفت نظر نہیں آ رہی، انہوں نے کہا کہ علاج میں بہتری نہ آنے کے باعث کارکنان کے احتجاج میں شدت آ رہی ہے۔

نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا مختلف علاقوں میں احتجاج جاری ہے اور مطالبات منظور نہ ہونے پر دھرنوں کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ بانی نے اپنے بیٹوں کو پیغام دیا کہ وہ پُرامن اور ثابت قدم رہیں اور اللہ پر بھروسہ رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی بیٹوں قاسم اور سلیمان سے ٹیلی فون پر بات کرادی گئی

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ عناصر بانی کے نام، تصاویر اور سوشل میڈیا پیغامات سے خوفزدہ ہیں جبکہ پارٹی کارکنان اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔

 

Scroll to Top