پی ڈی ایم اے نےخیبرپختونخوا میں بارشوں سے متعلق ہنگامی الرٹ جاری کر دیا

خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں کل رات سے منگل کے روز تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق کرم، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 16 اور 17 فروری کو ہلکی سے معتدل بارش متوقع ہے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔

ضلعی انتظامیہ کو حساس اور کمزور علاقوں میں اضافی عملہ اور مشینری تعینات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

شہریوں کو کمزور یا زیر تعمیر عمارتوں، سائن بورڈز، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ساتھ ہی مین شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کو ہر صورت ٹریفک کے لیے کھلا رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ روزمرہ زندگی متاثر نہ ہو۔

پی ڈی ایم اے نے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں میں طغیانی کے خدشات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کرنے، ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے، اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نگاہیں آسمان پر، کب برسے گا پانی؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

مزید ہدایات میں طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہنے، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کے خطرات کے پیش نظر میونسپل اداروں کو نکاسی آب کا نظام صاف رکھنے کی ہدایت شامل ہے۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top