ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: سلمان آغا نے میچ ہارنے کی بڑی وجہ بتا دی

کولمبو :آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے ہاتھوں 61 رنز کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ پاور پلے میں جلد وکٹیں گرنے سے میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا اور بیٹرز حالات کے مطابق کھیل نہ سکے۔

بھارت کے خلاف میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ پاکستان نے ہدف کے جواب میں 18 اوورز میں 114 رنز بنا کر اپنی تمام وکٹیں گنوا دیں۔

پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں سلمان علی آغا نے کہا کہ رن چیز کے آغاز میں جلد وکٹیں گرنے سے پریشر بڑھ گیا۔ ہم 4 اسپنرز کے ساتھ گئے تھے، لیکن آج وہ آف ڈے تھے۔ بیٹنگ میں بھی اچھا آغاز نہیں کر سکے۔ اگر پاور پلے میں 3-4 وکٹیں گر جائیں تو پھر صورتحال مشکل ہو جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسری اننگز میں پچ بہتر تھی، لیکن ہم نے حالات کے مطابق بولنگ نہیں کی اور بیٹنگ میں صحیح طرح کھیل نہیں سکے۔ بھارت جیسے روایتی حریف کے خلاف اعصاب شکن مقابلوں میں دباؤ سے نمٹنا ضروری ہے۔

سلمان علی آغا نے زور دیا کہ ٹیم کا فوکس اب بدھ کو ہونے والے اہم گروپ میچ نمیبیا کے خلاف ہونا چاہیے تاکہ سپر 8 مرحلے میں جگہ بنائی جا سکے۔

انہوں نے کہاایسے میچز میں جذبات ہمیشہ عروج پر ہوتے ہیں، ہمیں بس اس دباؤ کو سنبھالنا ہے۔ چند دنوں میں ہمارا اگلا میچ ہے، ہمیں اسی کی طرف دیکھنا ہے۔ ہمیں وہ جیت کر کوالیفائی کرنا ہے، اس کے بعد نیا ٹورنامنٹ شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں امن و امان مضبوط، پولیس کی جدید حکمت عملی سامنے آ گئی

واضح رہے کہ بھارت کے خلاف شکست کے بعد پاکستان کے لیے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں داؤ پر ہیں اور اگر نمیبیا کے خلاف میچ میں اپ سیٹ ہوتا ہے تو پاکستان سپر 8 دوڑ سے باہر ہو سکتا ہے، جو ٹیم پر اضافی دباؤ ڈالے گا۔

پاکستانی ٹیم کے لیے اب نمیبیا کے خلاف میچ نہ صرف ایک میچ بلکہ سپر 8 میں رسائی کے لیے فیصلہ کن مرحلہ بن گیا ہے، جس پر کرکٹ شائقین کی نظریں مرکوز ہیں۔

Scroll to Top