بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور نے آن لائن سکرین مارکنگ سسٹم (ای مارکرز) کے تحت مارکنگ سٹاف کی بھرتی کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ اقدام امتحانی عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق، پہلی بار نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو بھی اس تاریخی موقع کا حصہ بننے کا موقع دیا جائے گا۔ مارکنگ کے لیے اردو، فزکس، کیمسٹری، مطالعہ پاکستان، کمپیوٹر سائنس اور انگلش کے مضامین میں اہل اساتذہ سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
اساتذہ کے لیے لازمی شرط یہ ہے کہ وہ کسی سرکاری یا نجی اسکول یا کالج میں کم از کم دو سال سے متعلقہ مضمون کی تدریس کا تجربہ رکھتے ہوں۔ امیدوار متعلقہ مضمون میں کم از کم گریجویشن یا پوسٹ گریجویشن کے مساوی تعلیمی قابلیت کے حامل ہوں۔ نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے لیے ادارے کے سربراہ کا ریکمنڈیشن لیٹر جمع کرانا ضروری ہوگا، جبکہ سرکاری اداروں کے اساتذہ اپنی حالیہ پے سلپ جمع کرائیں گے۔
بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امتحانی عمل میں شفافیت، درستگی اور جدید تکنیکی نظام کے فروغ کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف اساتذہ کو خود کو پیش کرنے کا موقع ملے گا بلکہ میٹرک اور انٹر امتحانات کی مارکنگ کا معیار بھی بہتر ہوگا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ نجی اور سرکاری اساتذہ کو ایک ہی پلیٹ فارم پر شامل کرکے آن لائن مارکنگ میں حصہ لینے کا موقع دیا جا رہا ہے، جسے تعلیمی حلقوں میں ایک انقلاب قرار دیا جا رہا ہے۔





