مردان اور ایبٹ آباد میں جعلی ادویات کے خلاف ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن، متعدد میڈیکل اسٹورز پر چھاپے

مردان اور ایبٹ آباد میں جعلی ادویات کے خلاف ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن، متعدد میڈیکل اسٹورز پر چھاپے

جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خلاف ایف آئی اے نے خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں کارروائیاں تیز کر دیں۔ مردان اور ایبٹ آباد میں مشترکہ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران متعدد میڈیکل اسٹورز سے مشتبہ ادویات برآمد کر کے انہیں لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا۔

مردان میں مشترکہ کارروائی
ایف آئی اے سی سی مردان کی ٹیم نے ڈرگ انسپکٹر گوہر خان کے ہمراہ مختلف طبی مراکز پر چھاپے مارے۔ کارروائی میں AD محمد بلال اور ASI سدیف خان بھی شامل تھے۔

تورو روڈ مردان پر واقع درج ذیل میڈیکل اسٹورز سے مشتبہ ادویات برآمد کی گئیں:
حسن ڈسکاؤنٹ فارمیسی
برآمد ادویات: Augmentin Tablets، Esomega Capsules، Cerige Tablets، Lorgy Tablets، Beflam Tablets

حضیفہ فارمیسی اینڈ کلینک
برآمد ادویات: Salmorat Tablets، Otosprin Ear Drops، Lexotanil Tablets

وقار میڈیکوز
برآمد ادویات: Efix Capsules، Maxima Tablets، Titan Injection، Vyber Capsules

ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر چار میڈیکل اسٹورز کی جانچ کی گئی، جن میں سے تین سے مشتبہ جعلی ادویات برآمد ہوئیں۔ ضبط شدہ ادویات کو ڈرگ انسپکٹر کے حوالے کر کے ان کے نمونے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری (DTL) بھجوا دیے گئے ہیں۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ایبٹ آباد میں بھی چھاپے

ایف آئی اے سی سی ایبٹ آباد نے بھی جعلی ادویات کے خلاف دو مختلف کارروائیاں کیں۔
لنک روڈ ایبٹ آباد پر قائم فیضان انٹرپرائزز پر چھاپے کے دوران مشتبہ دوا Rigix کے نمونے حاصل کر کے DTL بھیجے گئے۔
اسی طرح منڈیاں کے علاقے میں قائم الحمید میڈیکل اسٹور پر کارروائی کے دوران مشتبہ دوا Paraxyl CR کے نمونے قبضے میں لے کر لیبارٹری تجزیے کے لیے روانہ کیے گئے۔
ان کارروائیوں میں سب انسپکٹر شجاعت علی خان، سب انسپکٹر طاہر خان، ہیڈ کانسٹیبل عامر نذیر، ایف سی عبد الواحد اور ڈرگ انسپکٹر مدیحہ گل نے حصہ لیا۔

حکام کا مؤقف
ایف آئی اے حکام کے مطابق جعلی اور غیر معیاری ادویات انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اور ان کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ لیبارٹری رپورٹس موصول ہونے کے بعد ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایف آئی اے نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک دوا یا غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ انسانی صحت کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top