نئی سہولت متعارف،برطانیہ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر

اسلام آباد: برطانیہ جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے ویزا کے حصول کو آسان بنا دیا گیا ہے۔

اب پاسپورٹ پر روایتی ویزا اسٹیکر لگانے کے بجائے ای ویزاسسٹم متعارف کروا دیا گیا ہے جس کے تحت تمام ریکارڈ ڈیجیٹل ہوگا۔

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سیاحوں سمیت برطانیہ سفر کرنے والے تمام افراد اب اس نئے سسٹم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

درخواست گزار حسبِ سابق اپنی درخواستیں آن لائن ہی جمع کروائیں گے اور بائیومیٹرک تصدیق کے لیے ویزا اپلیکیشن سینٹر جائیں گے۔ تاہم اب کامیابی کی صورت میں پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر نہیں لگایا جائے گا بلکہ درخواست گزار کو ای میل کے ذریعے ڈیجیٹل ریکارڈ (ای ویزا) فراہم کیا جائے گا۔

اس نئے نظام کی سب سے بڑی سہولت یہ ہے کہ درخواست گزاروں کو بائیومیٹرک سیشن کے بعد اپنا پاسپورٹ واپس لینے کے لیے دوبارہ ویزا سینٹر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ اپنا پاسپورٹ اپنے پاس ہی رکھ سکیں گے۔

ویزا کی حیثیت (اسٹیٹس) آن لائن یو کے ویزا اینڈ امیگریشن اکاؤنٹ کے ذریعے دیکھی جا سکے گی، جبکہ بارڈر یا دیگر مقامات پر ویزا ثابت کرنے کے لیے ایک مخصوص شیئر کوڈبھی تیار کیا جا سکے گا۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس اقدام کو پاکستانیوں کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ویزا کے عمل کا ایک بڑا مرحلہ ختم ہو گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ویزا پراسیسنگ کے وقت، معیار یا شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور موجودہ اسٹیکر ویزے ان تبدیلیوں سے متاثر نہیں ہوں گے۔

انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ ویزا کے حصول کے لیے ایجنٹوں کے استعمال سے گریز کریں۔

Scroll to Top