پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کے سربراہ ذوالفقار حمید کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کو جدید، مربوط اور بآسانی قابل رسائی پولیس سہولیات فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز ہیڈکوارٹرز، انویسٹی گیشن اور انٹرنل اکاؤنٹیبلیٹی کے علاوہ ڈی آئی جیز آئی ٹی، فنانس اور آپریشنز سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کا مرکزی نکتہ پولیس سہولت موبائل ایپ (PSM) کو مزید مؤثر اور جامع بنانا تھا، تاکہ صوبے بھر میں پولیس کی تمام خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب کی جا سکیں۔
اس موقع پر ایپ میں آن لائن ایف آئی آر کے اندراج اور شکایات کے نئے فیچرز شامل کرنے کی تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : دہشتگرد گروہوں کی حمایت ترک کرنے تک طالبان کیخلاف کارروائی جاری رہے گی، سکیورٹی ذرائع
اس سے قبل ایپ کے ذریعے کریکٹر سرٹیفکیٹ کے اجرا، پولیس اسناد، لرنر ڈرائیونگ لائسنس، کرایہ دار اور ملازمین کی ویریفکیشن، لاسٹ اینڈ فاؤنڈ، بلڈ ڈونیشن اور ایمرجنسی رسپانس جیسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ موبائل ایپ کے ساتھ ساتھ ویب پورٹل، پولیس سہولت مراکز، ہیلپ لائن اور فرنٹ ڈیسک سسٹم کے ذریعے بھی شہریوں کو یکساں اور آسان رسائی فراہم کی جائے تاکہ ہر طبقہ فکر جدید سہولیات سے مستفید ہو سکے۔
مزید برآں پولیس کے مختلف ڈیجیٹل اور آپریشنل نظاموں کو ایک مربوط پلیٹ فارم میں ضم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، جس سے ڈیٹا شیئرنگ، معلومات کے تبادلے اور کارکردگی میں ہم آہنگی پیدا ہوگی۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے دہرے کام کی حوصلہ شکنی ہوگی جبکہ شفافیت اور جوابدہی کو بھی فروغ ملے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا اور سروس ڈیلیوری میں نمایاں بہتری آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں : دہشتگرد گروہوں کی حمایت ترک کرنے تک طالبان کیخلاف کارروائی جاری رہے گی، سکیورٹی ذرائع
انہوں نے ہدایت کی کہ نئے ڈیجیٹل نظام کی تشکیل کے ساتھ اس کی طویل المدتی پائیداری، ڈیٹا سیکیورٹی، تکنیکی معاونت، باقاعدہ اپ ڈیٹس اور افسران کی تربیت کو بھی یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ اقدامات کو قابل عمل منصوبے کی صورت دے کر جلد از جلد عملی پیش رفت کو یقینی بنایا جائے۔
آئی جی پی کا کہنا تھا کہ ان اصلاحات سے نہ صرف عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ پولیس کا احتسابی نظام بھی مزید مضبوط اور مؤثر بنے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس عوامی خدمت اور شفافیت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں کے مسائل کے بروقت حل کے لیے پرعزم ہے۔





