شاہد جان
پشاور: پشاور کے تھانہ ریگی ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کیا، لیکن پولیس جوانوں کی تیز اور پیشہ ورانہ کارروائی کے باعث حملہ ناکام بن گیا۔
پولیس کے مطابق حملے میں دہشت گردوں نے اسنائپر گن کا بھی استعمال کیا، تاہم پولیس کی بروقت ردعمل اور بھرپور حفاظتی اقدامات کی بدولت کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں فوری سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کا پتہ لگا کر انہیں گرفتار کیا جا سکے اور عوامی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
تھانہ ریگی ماڈل ٹاؤن کے پولیس اہلکاروں نے نہ صرف اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دشمن کا مقابلہ کیا بلکہ حملہ آوروں کو پسپا کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس کارروائی سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پشاور پولیس عوامی تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے اور دہشت گرد عناصر کے کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: پولیس موبائل ایپ میں شکایات درج کرنے کا جدید فیچر متعارف
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس کی کارروائیوں میں تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوراً دیں۔
اس کارروائی سے نہ صرف علاقے میں امن قائم رہا بلکہ پولیس کی بہادری اور بروقت حکمت عملی نے یہ بھی ثابت کر دیا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔





