سلمان علی خان
بنوں : ضلع بنوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف پولیس کا منظم اور بھرپور آپریشن جاری ہے۔
مختلف تھانوں کی حدود میں وسیع پیمانے پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ علاقے میں امن و امان قائم رکھا جا سکے اور سیکیورٹی کے خدشات کو ختم کیا جا سکے۔
ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کے احکامات کے تحت، ایس ڈی پی اوز کی براہ راست نگرانی میں غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف موثر آپریشن کیا گیا۔
حکومت پاکستان کی جانب سے متعدد بار انتباہ کے باوجود غیر قانونی مقیم افغان شہری رضاکارانہ طور پر وطن واپسی اختیار نہیں کر رہے تھے، جس کے بعد اس کارروائی کو نچلی سطح تک وسعت دی گئی۔
آپریشن کے دوران 149 غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا اور ان کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ 35 سہولت کار، بشمول مالک مکان اور دکان دار، کے خلاف 10 آر بی او کے تحت قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے تاکہ غیر قانونی قیام میں مدد فراہم کرنے والوں کو بھی قانون کے دائرہ کار میں لایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: رات گئے تھانہ ریگی ماڈل ٹاؤن نے علاقے کو بڑی تباہی سے بچا لیا
پولیس حکام نے گرفتار شدگان کو واضح طور پر آگاہ کیا ہے کہ ان کی موجودہ حیثیت غیر قانونی ہے اور جتنی جلد ممکن ہو، باعزت طریقے سے اپنے وطن واپسی اختیار کرنا ان کے حق میں بہتر ہوگا۔
ڈی پی او بنوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے اس آپریشن میں تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو مستحکم کرنے کے لیے ایک مؤثر اقدام ہے اور آئندہ بھی غیر قانونی مقیم افراد اور سہولت کاروں کے خلاف بھرپور اقدامات جاری رہیں گے۔





