ای سی ایل میں نام ڈالنے پر نثار باز نےصوبائی اسمبلی میں تحریکِ استحقاق جمع کردی

عوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نثار باز خان نے اپنے نام کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) میں شامل ہونے کے خلاف خیبر پختونخوا اسمبلی میں تحریکِ استحقاق جمع کرا دی ہے۔

پی کے 22 سے منتخب رکن نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ان کا نام وفاقی وزارتِ داخلہ کو بھیجنا ایوان کی بے توقیری اور ایک منتخب عوامی نمائندے کے استحقاق کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور سیکرٹری ہوم کو استحقاق کمیٹی میں طلب کر کے وضاحت لی جائے کہ کس بنیاد اور کس محکمے کی ہدایت پر یہ قدم اٹھایا گیا۔

نثار باز خان نے اسپیکر صوبائی اسمبلی سے درخواست کی ہے کہ وہ اسپیکر قومی اسمبلی اور بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے ذریعے وفاقی حکومت سے رابطہ کریں تاکہ ان کا نام فوری طور پر ای سی ایل سے خارج کیا جائے اور ذمہ دار حکام کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے اپنے قومی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور کسی بھی قیمت پر زبان بندی قبول نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن کے وسائل اور عوامی مسائل پر بات کرنا ان کا حق ہے اور وہ امن کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Scroll to Top