حکومت کا بڑافیصلہ، نوجوانوں کو 4لاکھ پچاس ہزار روپے تک بلاسود قرضہ دینے کا اعلان

حکومتِ پاکستان نے وزیرِاعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بلاسود لیپ ٹاپ فنانسنگ اسکیم کا آغاز کر دیا ہے۔

اس انقلابی اسکیم کے تحت نوجوانوں کو جدید لیپ ٹاپ کی خریداری کے لیے قرض فراہم کیا جائے گا جس پر کسی قسم کا مارک اپ یا سود وصول نہیں کیا جائے گا۔ حکومت کا مقصد نوجوانوں پر مالی بوجھ کم کرنا ہے، اسی لیے قرض کی واپسی کے لیے آسان ماہانہ اقساط کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔

اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ کی مختلف کیٹیگریز کے لیے مالی حد مقرر کی گئی ہے، جس میں بنیادی نوعیت کے لیپ ٹاپ کے لیے ایک لاکھ 50 ہزار روپے، درمیانے درجے کے لیے 3 لاکھ روپے اور اعلیٰ کارکردگی والے لیپ ٹاپ کے لیے 4 لاکھ 50 ہزار روپے تک کا قرض حاصل کیا جا سکے گا۔

قرض کی منظوری لیپ ٹاپ کی اصل قیمت یا مقررہ حد میں سے جو رقم کم ہوگی، اس کی بنیاد پر دی جائے گی۔

اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست دہندہ کا پاکستانی شہری ہونا اور عمر 18 سے 30 سال کے درمیان ہونا لازمی ہے۔

امیدوار کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایچ ای سی سے منظور شدہ کسی تعلیمی ادارے میں زیرِ تعلیم ہو یا فری لانسنگ اور کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ ہو۔ واضح رہے کہ مالی بدعنوانی یا بینکوں کے نادہندہ افراد اس اسکیم کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔

درخواست دینے کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہے، جہاں امیدوار کو سرکاری پورٹل پر رجسٹریشن کے بعد مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنی ہوں گی جس کے بعد متعلقہ بینک مزید کارروائی کے لیے رابطہ کرے گا۔

Scroll to Top