پشاور پولیس لائنز میں افطار ڈنر: شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، سی سی پی او

پشاور: کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی جانب سے 4 مارچ 2026 کو پولیس کے عظیم شہداء کے بچوں اور اہلِ خانہ کے اعزاز میں باوقار افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب ملک سعد شہید پولیس لائنز میں منعقد ہوئی، جہاں شہداء کے ورثاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں ڈاکٹر میاں سعید احمد، چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ، ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان، ایس ایس پی انوسٹی گیشن عائشہ گل سمیت ڈویژنل ایس پیز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ پولیس حکام نے شہداء کے بچوں اور اہلِ خانہ کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔

اس موقع پر سی سی پی او پشاور نے خطاب کرتے ہوئے پولیس شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء نے ملک و قوم کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیوں کی بدولت پولیس فورس کا وقار بلند ہوا اور معاشرے میں امن کی فضا قائم ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ پولیس فورس کا فخر ہیں اور ان کی خدمت اور کفالت ادارے کی اولین ترجیح ہے۔

تقریب کے دوران شہداء کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ پولیس افسران نے بچوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں : ایران امریکا کشیدگی کم کرنے کی کوششیں، پاکستان اور ترکیہ کا اہم کردار سامنے آگیا

سی سی پی او نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

افطار ڈنر کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، ملک کی سلامتی، امن و استحکام اور قومی یکجہتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تقریب کا ماحول جذباتی اور روح پرور رہا، جہاں شرکاء نے شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔

Scroll to Top