جنوبی وزیرستان لوئر: 13 سالہ بچے کی لاش برآمد

جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل واناکے علاقے تنائی میں لاپتہ 13 سالہ بچے کی تشدد زدہ لاش قریبی پہاڑی سے برآمد ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول بچے کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے، جس کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور اسے مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد بے دردی سے قتل کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 13 سالہ عمران گزشتہ روز معمول کے مطابق اپنے گاؤں کے قریبی پہاڑ پر بکریاں چرانے گیا تھا تاہم دیر گئے تک گھر واپس نہ پہنچنے پر والدین اور اہل علاقہ نے اس کی تلاش شروع کی تھی۔ آج صبح پہاڑی علاقے سے عمران کی لاش ملی، جس کی حالت دیکھ کر علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔

دوسری جانب اہل علاقہ نے اس وحشیانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم بچے کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب ہو سکے۔

Scroll to Top