اسلام آباد: پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ہلچل مچ گئی ہے۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے ملک بھر میں مال بردار کرایوں میں 20 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ ٹرانسپورٹرز کے اخراجات پر براہ راست اثر ڈال رہا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ میں ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 78 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 68 روپے اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کے آپریشنل اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ اضافہ کسی مجبوری کے تحت کیا گیا ہے تو وفاقی حکومت کو چاہیے کہ ٹول ٹیکس اور دیگر ٹیکسز میں کمی کرے تاکہ ٹرانسپورٹرز کو ریلیف مل سکے۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے خبردار کیا کہ وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومتیں ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے معاہدوں پر فوری عملدرآمد کریں، بصورت دیگر ملک گیر ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ اختیار کیا جائے گا، اور اس کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت پر ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی نئی لہر لائے گا، شفیع جان
ملک شہزاد اعوان نے مزید کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عام شہری، کسان اور کاروباری سرگرمیوں پر بھی اثر ڈالے گا، جس سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا اور پہلے ہی مشکلات کا سامنا کرنے والے عوام کی زندگی مزید اجیرن ہو جائے گی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں ٹرانسپورٹ سیکٹر پہلے ہی مہنگائی اور بڑھتے ہوئے ایندھن کے اخراجات سے متاثر ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ اگر حکومت فوری اقدامات نہ کرے تو ملک بھر میں مال بردار ٹرانسپورٹ مکمل طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔





