مسلسل چار روز کمی کے بعد سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، فی تولہ سونا 6 ہزار 100 روپے مہنگا ہوگیا ۔
ملک میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل چار روز تک کمی کے بعد ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد سونا مزید مہنگا ہو گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 6 ہزار 100 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ سونا بڑھ کر 5 لاکھ 39 ہزار 862 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 10 گرام سونا 5 ہزار 230 روپے مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 62 ہزار 844 روپے کا ہو گیا ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 17 روپے اضافے کے بعد 8 ہزار 931 روپے ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ عالمی منڈی میں فی اونس سونا 61 ڈالر مہنگا ہو کر 5 ہزار 171 ڈالر تک پہنچ گیا ہے جس کے اثرات مقامی مارکیٹ میں بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتیں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ عالمی معاشی صورتحال اور سرمایہ کاروں کا رجحان بھی سونے کی قیمتوں میں تبدیلی کی بڑی وجہ بنتا ہے۔





