شاہد جان
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیل کے پھٹنے کا خطرہ بڑھنے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ خطرہ چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، سوات اور اپر کوہستان کے اضلاع میں متوقع شدید بارشوں اور درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے لاحق ہو گیا ہے۔
ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور پیشگی احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے کی صورت میں بروقت ردعمل ممکن ہو سکے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 10 سے 12 مارچ کے دوران متوقع بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیل پھٹنے اور فلیش فلڈ کا خطرہ ہے، جس کے پیش نظر عوام، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
خطرے سے دوچار آبادی کو پیشگی طور پر آگاہ کرنے اور محفوظ مقامات کی نشاندہی کے اقدامات بھی جاری ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کو مکمل الرٹ پر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
سیاحوں اور مسافروں کو بھی خطرناک علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں ایندھن بچاؤ ایمرجنسی پلان، سرکاری گاڑیوں اور سفر پر بڑی پابندیاں
پی ڈی ایم اے نے یاد دلایا کہ 9 سے 12 مارچ کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے پہلے سے ہی الرٹ جاری تھا۔
ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر فوری رابطہ کریں۔
پی ڈی ایم اے نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وقت پر حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر ہی ممکنہ نقصانات کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی، اور عوام کو چاہیے کہ مقامی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔





