انٹرپول کی مدد سے 81 مطلوب افراد پاکستان منتقل، 12 مزید ریڈ نوٹس کے تحت گرفتار

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور انٹرپول نے بین الاقوامی سطح پر کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک فرار ہونے والے 81 مطلوب افراد کو پاکستان منتقل کر دیا ہے۔

یہ اقدام ان ملزمان کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیا گیا، جو مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث تھے اور طویل عرصے سے قانون کی گرفت سے بچ کر بیرون ملک موجود تھے۔

ایف آئی اے کے نیشنل سنٹرل بیورو اور انٹرپول نے مختلف ممالک کے تعاون سے کارروائیاں کرتے ہوئے ان ملزمان کو گرفتار کیا اور بعد ازاں متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا۔

وفاقی حکومت کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق بیرون ملک فرار ملزمان کے خلاف عالمی سطح پر مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے تاکہ انہیں جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

اس کے علاوہ انٹرپول کے ریڈ نوٹس کے تحت 12 مزید مطلوب افراد کو مختلف بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر گرفتار کیا گیا اور بعد میں پاکستان منتقل کیا گیا۔

ایف آئی اے نے کارروائیوں میں انسانی ہمدردی کے اصولوں کا بھی خیال رکھا اور تین کمسن بچوں کو انٹرپول کے یلو نوٹس کے تحت بیرون ملک سے بازیاب کر کے پاکستان واپس لایا، جہاں انہیں ان کے خاندان کے حوالے کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : معروف آسٹریلوی آل راؤنڈر ایشٹن ٹرنر ملتان سلطانز کے کپتان مقرر

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد بین الاقوامی جرائم میں ملوث ملزمان کے لیے کوئی پناہ گاہ نہ چھوڑنا اور ان کو پاکستان واپس لا کر قانونی عمل کے تحت انصاف فراہم کرنا ہے۔

یہ کارروائیاں ملک میں قانون کی حکمرانی اور جرائم کے خلاف مؤثر انسداد کو یقینی بنانے کے لیے اہم قدم ہیں۔

Scroll to Top