ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث ایران میں مقیم پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ نویں روز بھی جاری رہا۔ آج گبدیمدان بارڈر کے ذریعے 53 افراد محفوظ طور پر وطن واپس پہنچے، جبکہ گزشتہ 9 دنوں کے دوران گبدیمدان سرحد سے مجموعی طور پر 868 پاکستانی وطن لوٹ چکے ہیں۔
اسی طرح تفتان بارڈر کے ذریعے آج 305 افراد وطن واپس پہنچے، اور گزشتہ 9 دنوں کے دوران تفتان کے راستے مجموعی طور پر 2816 افراد ایران سے واپس وطن پہنچ چکے ہیں۔ ان دونوں بارڈرز سے مجموعی طور پر 9 دنوں کے دوران 3684 پاکستانی شہری ایران سے واپس پہنچے ہیں۔
واپسی کرنے والوں میں طلبہ، بزنس مین، سیاح اور دیگر شہری شامل ہیں، جو ایران میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث وطن واپس آئے۔ حکام کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان سرحد پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ الرٹ ہے اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے
ماہرین کے مطابق یہ واپسی کا سلسلہ شہریوں کی حفاظت اور ایران میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اور حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر کے شہریوں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنایا ہے۔





