گورنر خیبرپختونخوا کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، اہم قومی امور زیر بحث

اسلام آباد: اسلام آباد میں فیصل کریم کنڈی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

گورنر خیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی ملاقات کے لیے مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں موجودہ سیاسی حالات، ملکی استحکام اور اہم قومی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران خاص طور پر خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے میں بڑھتی ہوئی بدامنی عوام کے لیے باعث تشویش ہے اور اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور کے قبرستانوں میں خوف پھیلانے والی ’چڑیل‘ کی حقیقت سامنے آگئی

ذرائع کے مطابق گفتگو کے دوران اس امر پر بھی بات کی گئی کہ صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال صوبائی حکومت کی جانب سے معاملات پر مناسب توجہ نہ دینے کا نتیجہ ہو سکتی ہے، جس کے باعث عوام کو مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں امن و استحکام کے لیے سیاسی قیادت کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے۔

Scroll to Top