آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی زیر صدارت چاغی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ کمشنر ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ، ضلعی انتظامیہ چاغی اور دیگر اداروں اور ڈیپارٹمنٹس کے اہم عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد ضلع چاغی میں عوام کی فلاح و بہبود، امن و امان ، پوست کی تلفی کے لیے کاوشات ، صحت و تعلیم کی سہولیات ، عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں اور جرگوں کی کارکردگی ، افغان مہاجرین کے انخلا ، بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور علاقائی سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔
اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی باہمی ہم آہنگی اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کمیٹی کی کاوشوں، خصوصاً افغان مہاجرین کے تیز رفتار اور باوقار انخلاء، پوست کی تلفی کے اقدامات اور بی ایس ڈی آئی (BSDI) کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیاری کارکردگی کی تعریف کی۔
انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ضلع چاغی میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے اور ضلع چاغی کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام ادارے مل کر اپنا موثر اور کلیدی کردار ادا کریں۔





