چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے تحت کفالت پروگرام کی رقم میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں انہوں نے خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ رواں سہ ماہی سے بینظیر کفالت پروگرام کی رقم 13 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 14 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے۔
انہوں نے تمام بینیفشریز کو تاکید کی ہے کہ وہ اپنی قسط وصول کرتے وقت پوری رقم یعنی 14 ہزار 500 روپے گن کر حاصل کریں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے رقم میں کٹوتی یا کسی بھی قسم کی بدعنوانی سے بچنے کے لیے طریقہ کار بھی واضح کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی مستحق کو وظیفے کی رقم کم مل رہی ہے تو وہ فوری طور پر اپنے قریبی بی آئی ایس پی تحصیل آفس تشریف لے جائیں اور وہاں موجود اسسٹنٹ ڈائریکٹر یا کسی ذمہ دار افسر کو صورتحال سے آگاہ کریں۔
شکایت کنندہ وہاں سے شکایت برائے خردبرد فارم حاصل کر کے اس پر اپنا نام، شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر اور کٹوتی کی تفصیلات درج کرے۔
حکام کے مطابق درج کردہ شکایت کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی اور درست ثابت ہونے پر متعلقہ بینک کو کٹوتی کرنے والے ایجنٹ کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی جائے گی جبکہ متاثرہ فرد کی کٹوتی کی گئی رقم بھی واپس کر دی جائے گی۔
کسی بھی ہنگامی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن نمبر 0800-26477 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ مستحقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شکایت کے اندراج کے لیے اپنا اصل شناختی کارڈ اور فعال موبائل نمبر ساتھ لائیں اور ضرورت پڑنے پر دفتر میں موجود عملے سے فارم بھرنے میں مدد حاصل کریں۔





