ضلع خیبر: امن کیلئے جان نچھاور کرنے والے پولیس جوان محمد معاذ خان سپردِ خاک

ہارون شینواری
خیبر: ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار محمد معاذ خان شینواری کی نمازِ جنازہ پولیس لائن شاکس میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

نمازِ جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر وقار احمد، رکن صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی، ایس پی انویسٹیگیشن، ایس پی باڑہ سرکل، پاک فوج کے افسران، ڈائریکٹر پی ٹی ایس شاکس، ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، سرکل افسران، شہید کے اہلِ خانہ اور پولیس افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی جبکہ اعلیٰ پولیس افسران نے شہید کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔

نمازِ جنازہ کے بعد شہید کے درجات کی بلندی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

ڈی پی او خیبر وقار احمد نے شہید محمد معاذ خان کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید ایک خوش اخلاق، نرم مزاج اور بہادر پولیس اہلکار تھے جنہوں نے عوام کے تحفظ اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں : گیس سیکٹر کے قرضے ختم کرنے کا تین سالہ منصوبہ تیار، تفصیلات جانیں

انہوں نے کہا کہ خیبر پولیس اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور شہید کے اہلِ خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس فورس دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پوری قوت اور عزم کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Scroll to Top