دبئی ایئرپورٹ کے قریب ڈرون گرنے سے آگ بھڑک اٹھی، ایمرجنسی نافذ

دبئی: دبئی ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملے کے باعث آگ بھڑک اُٹھی ہے، جسے قابو پانے کے لیے حکام کی جانب سے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دبئی میڈیا آفس نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق ایئرپورٹ پر ایک ڈرون نے ایندھن کے ٹینک کو نشانہ بنایا، تاہم اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حملے کے فوری بعد ایئرپورٹ کے عملے اور مقامی سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے۔

قبل ازیں ایران نے دبئی اور دوحہ کے مخصوص علاقوں میں ممکنہ حملوں کی وارننگ جاری کی تھی۔ ایران کے میڈیا آپریشنز سینٹر نے خبردار کیا تھا کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران دبئی اور دوحہ کے مخصوص علاقوں کے رہائشی اپنے علاقوں سے ہٹ جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : ہم بزدل قوم نہیں، جنگ بندی یا مذاکرات کا مطالبہ کبھی نہیں کیا، ایرانی وزیر خارجہ

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ڈرون حملے کے بعد دبئی میں سکیورٹی کے اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس وقت غیر ضروری طور پر ایئرپورٹ یا متاثرہ علاقوں کا رخ نہ کریں۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پیش آیا ہے، اور اس سے عالمی سطح پر توانائی اور تجارتی راستوں کی سکیورٹی پر بھی اثر پڑنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top